شاہد جان
پشاور: وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سُہیل آفریدی سے بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کے امور اور موجودہ نظام کے تسلسل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفد کی قیادت مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے کی، جبکہ اجلاس میں وزیر بلدیات مینا خان آفریدی اور محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں وزیرِاعلیٰ سُہیل آفریدی نے واضح کیا کہ بلدیاتی نظام کے تسلسل کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دی جائے گی کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے طلب کیا جائے گا اور 15 مارچ سے قبل فیصلہ کیا جائے گا، جس میں نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نظام برقرار رکھنے کے طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آج کی ہڑتال مؤخر کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں : تیراہ وادی: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی لوکل کونسل بورڈ کے نامزد اراکین کا مؤقف بھی سنے گی تاکہ تمام فریقین کی رائے شامل ہو۔
پولیس اور انتظامیہ کے مطابق یہ ملاقات بلدیاتی اداروں کے تسلسل اور عوامی خدمات میں خلل سے بچاؤ کے لیے ایک اہم اقدام ہے، اور اس سے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تسلسل یقینی بنانے کی توقع ہے۔





