ملتان سلطانز کی پی ایس ایل میں واپسی اور علی ترین کا جذباتی ردعمل

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل کرکٹ شائقین کے لیے ایک بڑی اور حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں سیالکوٹ اسٹالینز کی فرنچائز کو باضابطہ طور پر ملتان سلطانز کے نام سے ری برانڈ کر دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی اس اچانک اور غیر متوقع واپسی پر سابق مالک علی ترین نے سوشل میڈیا پر ایک نہایت جذباتی بیان جاری کیا ہے۔

علی ترین کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کے ساتھ سات برس کا سفر ان کی زندگی کا ایک ایسا باب تھا جس نے انہیں قابل فخر لمحات دیے اور وہ اس سفر کے اختتام پر کسی قسم کا کوئی پچھتاوا نہیں رکھتے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ جب ملتان کو لیگ سے نکالا گیا تو یہ ان کے لیے ایک تکلیف دہ لمحہ تھا کیونکہ اس کا براہ راست اثر جنوبی پنجاب کے ان مداحوں پر پڑا جو اس ٹیم کو اپنی پہچان سمجھتے تھے۔

ان کے بقول جنوبی پنجاب ہمیشہ سے کم نمائندگی کا شکار رہا ہے اور یہاں کے باصلاحیت لوگ ہر اس پلیٹ فارم کے حق دار ہیں جو انہیں مل سکتا ہے۔

علی ترین نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملتان سلطانز محض ایک کرکٹ ٹیم نہیں تھی بلکہ یہ ایک ایسے پورے خطے کی شان اور پہچان کی علامت تھی جسے طویل عرصے سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے نئے سی ای او گوہر شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی کے لیے ایسے ہی پرجوش لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنے خطے کی حقیقی فکر رکھتے ہوں۔

علی ترین کے مطابق گوہر شاہ کی کوششوں سے ملتان سلطانز کی واپسی ممکن ہوئی ہے جس سے شہر کو اپنی ٹیم اور جنوبی پنجاب کو اپنی آواز دوبارہ مل گئی ہے۔ اس ری برانڈنگ کے بعد پی ایس ایل الیون میں ملتان کی ٹیم ایک نئے عزم اور نئی قیادت کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ اس اہم تبدیلی کی تصدیق پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے منگل کے روز اسلام آباد میں منعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کی۔

اس تقریب میں فرنچائز کے مالک حمزہ مجید اور سی ڈی وینچرز کے سربراہ گوہر شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ٹیم کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ او زیڈ ڈیولپرز نے اسلام آباد میں ہونے والی ٹیم نیلامی کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز کی فرنچائز دس سال کے لیے ایک سو پچاسی کروڑ روپے میں حاصل کی تھی تاہم اب سی ڈی وینچرز کے ساتھ اشتراک کے بعد گوہر شاہ کو فرنچائز کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top