مردان : مردان میں رمضان المبارک کے دوران خواتین کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی سٹی سرکل ماریہ مصطفیٰ کی ہدایت پر شہر کے بازاروں اور مارکیٹس میں لیڈیز پولیس فورس کی خصوصی تعیناتی کی جائے گی۔
ایس پی سٹی سرکل کی زیرِ صدارت اجلاس میں رمضان کے دوران خواتین کی حفاظت، آسان رسائی اور ہراسمنٹ کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سٹی سرکل کے تمام بازاروں، شاپنگ مراکز اور خریداری کی جگہوں پر لیڈیز پولیس فورس کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ خواتین خریدار محفوظ ماحول میں خریداری کر سکیں۔
افسران کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ رش کے اوقات، خصوصاً افطاری سے قبل، خواتین کے لیے آسان رسائی، فوری پولیس رسپانس اور ہراسمنٹ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔
ایس پی سٹی سرکل ماریہ مصطفیٰ نے کہا کہ رمضان میں خواتین کے احترام، تحفظ اور سہولت کو پولیس کی اولین ترجیح بنایا جائے گا اور لیڈیز فورس اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں انجام دے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدالفطر سے پہلے ملازمین کے لیے حکومت کی بڑی خوشخبری
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے یہ اقدامات شہریوں میں اعتماد بڑھانے کے ساتھ ساتھ خواتین کو محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
رمضان کے دوران یہ خصوصی تعیناتی مردان کے مختلف بازاروں اور مصروف خریداری مراکز میں جاری رہے گی تاکہ خواتین کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔




