دو پولیس چوکیوں پر حملہ ناکام، پشاور پولیس نے شدت پسندوں کو پسپا کر دیا، سرچ آپریشن شروع

Pakistan SCO Summit 2026

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شدت پسندوں کی جانب سے دو مختلف مقامات پر پولیس چوکیوں پر حملوں کی کوشش کی گئی، جسے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پولیس کے مطابق ناصر باغ کے علاقے سخی پل چوکی پر حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے اچانک حملہ کیا، جس کے بعد علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ پولیس کی فوری جوابی کارروائی پر شدت پسندوں نے راکٹ فائر کیے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

اسی دوران تھانہ متنی کی حدود میں پاسنی پولیس چوکی پر بھی حملے کی کوشش کی گئی، تاہم اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت کو بروقت مانیٹر کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پیش قدمی سے روک دیا۔

سی سی پی او میاں سعید نے واقعے کے بعد شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top