مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، ویسٹ انڈیز ٹیم بھارت میں پھنس گئی، ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا ردعمل سامنے آگیا

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2026 دوران مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم بھارت میں ہی رکنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

اس صورتحال پر ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔

 

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ پانچ روز سے تاحال کولکتہ میں موجود ہے جبکہ ان کی وطن واپسی کے انتظامات ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے۔

ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ صرف اپنے گھر جانا چاہتے ہیں بعد میں ایک اور پیغام میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم ٹیم کو یہ تو بتایا جائے کہ روانگی آج ہوگی کل ہوگی یا اگلے ہفتے کیونکہ ٹیم کو بھارت میں رکے ہوئے پانچ دن گزر چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز ان ٹیموں میں شامل ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث بھارت میں پھنس گئی ہیں، فضائی راستوں کی بندش کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ٹیموں کی واپسی کے انتظامات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کو بتایا تھا کہ ٹیم کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لندن کے راستے کیریبین واپس بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور امکان تھا کہ ٹیم ہفتے کے وسط میں بھارت سے روانہ ہو جائے گی تاہم اب تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتح

ویسٹ انڈیز نے یکم مارچ کو سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں میزبان بھارت کرکٹ ٹیم کے خلاف کولکتہ میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔

Scroll to Top