ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتح

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی۔

احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 177 رنز کا ہدف محض 17 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کپتان ایڈن مارکرم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 4 دلکش چھکے شامل تھے۔

اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 24 گیندوں پر 47 رنز بنا کر جارحانہ آغاز فراہم کیا جبکہ ریال ریکلٹن بھی 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رماریو شیفرڈ نے نویں نمبر پر آ کر شاندار نصف سنچری اسکور کی مگر ان کی یہ محنت رائیگاں گئی۔ جیسن ہولڈر نے 49 اور برینڈن کنگ نے 21 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی ان گیدی نے مہلک باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کاگیسو ربادا اور کوربن بوش نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈن مارکرم کو ان کی دھواں دھار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Scroll to Top