اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج 14 مارچ سے 16 مارچ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگیا ہے، چترال، ایبٹ آباد، سوات، کوہستان، شانگلہ، پشاور، کرم، کوہاٹ، باجوڑ اورہری پورمیں بارش ہونے کا امکان ہے۔
ژوب، بارکھان، چمن اور زیارت میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اٹک سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسیں گے۔ اس دوران چند مقامات پرآندھی/ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 17 مارچ کی رات ایک اور مغربی سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری اخراجات میں 20 فیصد کمی کا اعلان
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ24گھنٹوں کےدوران سب سے زیادہ بارش (ملی میٹر) اٹک میں 18ملی میٹر، اسلام آباد (سٹی 17، سیدپور ولیج 16، بوکرا 08، ائیر پورٹ 07،گولڑہ 02)، راولپنڈی (نیو کٹاریاں 13، کچہری 11،گوالمنڈی 10، پیرودھائی 08)، چکوال 11، سیالکوٹ ایئرپورٹ اور کوٹ ادو 6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
آزادکشمیرمیں مظفرآباد ایئرپورٹ 6ملی میٹر،راولا کوٹ 5، مظفرآباد سٹی 4، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔





