راولپنڈیز کے خلاف میچ پشاور زلمی نے نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے گیارہویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

پشاور زلمی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے کسی بھی بلے باز کی انفرادی نصف سنچری (ففٹی) کے بغیر اتنا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔ زلمی نے راولپنڈیز کے خلاف 215 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرتے ہوئے مجموعی طور پر 218 رنز بنائے۔

کرکٹ کی عالمی تاریخ میں اس سے قبل یہ اعزاز “میجر لیگ” میں واشنگٹن کی ٹیم کے پاس تھا، جس نے لاس اینجلس کے خلاف بغیر کسی ففٹی کے 214 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

پشاور زلمی نے اب 218 رنز بنا کر واشنگٹن کا یہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے، جو کہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور زلمی نے راولپنڈیز کوشکست دے دی

عالمی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ پشاور زلمی نے پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تاریخ کا وہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے انفرادی ففٹی کے بغیر اتنا بڑا مجموعہ ترتیب دیا ہو۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں بغیر کسی ففٹی کے سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا جنہوں نے اپنی اپنی اننگز میں 209 رنز بنائے تھے۔ پشاور زلمی نے اب 218 رنز بنا کر ان دونوں ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

Scroll to Top