پشاور تعلیمی بورڈ کا نویں جماعت کا پرچہ آؤٹ ہونے کی خبروں پر وضاحتی بیان

پشاور تعلیمی بورڈ کا نویں جماعت کا پرچہ آؤٹ ہونے کی خبروں پر وضاحتی بیان

پشاور تعلیمی بورڈ کی انتظامیہ نے میٹرک کے جاری امتحانات کے دوران جماعت نہم کے کیمسٹری کا پرچہ وقت سے پہلے آؤٹ ہونے سے متعلق تمام خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

ترجمان پشاور تعلیمی بورڈ اور دفترِ کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بعض میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پرچہ لیک ہونے کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد، غلط اور حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ میٹرک کے امتحانات مکمل طور پر ایک منظم، کنٹرولڈ اور سخت نگرانی کے نظام کے تحت منعقد ہو رہے ہیں جس کے ہر مرحلے کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

وضاحتی بیان میں پرچہ لیک ہونے کی تکنیکی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی سوالیہ پرچہ صرف اسی صورت میں لیک تصور کیا جاتا ہے جب وہ امتحانی مراکز میں تقسیم ہونے سے قبل منظرِ عام پر آ جائے، جبکہ کیمسٹری کے پرچے کے حوالے سے ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق بعض طلبہ پرچہ حل کیے بغیر ہی مقررہ وقت سے پہلے مرکز سے باہر آ جاتے ہیں اور اس کے بعد سوالیہ پرچہ یا اس سے متعلق مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں جسے پرچہ لیک ہونے کے زمرے میں نہیں لایا جا سکتا۔

بورڈ انتظامیہ نے اس امر پر زور دیا ہے کہ امتحانی عمل کو شفاف رکھنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔

ترجمان پشاور تعلیمی بورڈ نے طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند و سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔

انتظامیہ نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بورڈ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت تمام امتحانی مراکز میں صورتحال مکمل طور پر انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے اور امتحانات پرامن ماحول میں جاری ہیں۔

Scroll to Top