پشاور۔ خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے حیات آباد میں مضر صحت اچار بنانے والے یونٹ کےخلاف کاروائی کرتے ہوئے 25 ہزار کلو اچارتلف کر کے یونٹ کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے انڈسٹریل زون حیات آباد میں اچار بنانے والے ایک یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور تقریباً 25 ہزار کلوگرام ناقص، غیر معیاری اور مضر صحت اچار برآمد کرلیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ضبط شدہ ناقص اچار کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ مذکورہ کارخانہ سیل کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بھی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ مافیا جیسے انسان دشمن عناصر کا خیبر پختونخوا سے مکمل صفایا کیا جائے گا۔