سی ڈی اے کا نورپور شاہاں میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نورپور شاہاں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرا لی ہے۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق مجموعی طور پر 600 ایکڑ پر محیط قبضہ شدہ علاقے میں سے 300 ایکڑ زمین کلیئر کرائی گئی جبکہ 3,500 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق یہ زمین 1961 سے 1964 کے دوران قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی اور اس کا مکمل معاوضہ متاثرین کو نقد اور متبادل زمین کی صورت میں ادا کیا جا چکا ہے جبکہ تمام قانونی دعوے پہلے ہی نمٹا دیے گئے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس نمبر 1 برائے 2011 کے فیصلے کے مطابق حاصل شدہ زمین ریاست کی ملکیت ہے اور اس پر کسی قسم کا استحقاق یا رعایت قابلِ قبول نہیں۔

سی ڈی اے کے مطابق کارروائی نومبر 2025 سے اپریل 2026 کے دوران پیشگی اطلاع کے ساتھ کی گئی، جس کے دوران رہائشیوں کو اپنی اشیاء اور تعمیرات خود ہٹانے کا موقع بھی دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سوات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ،بڑی گرفتاریاں

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران غیر قانونی فروخت، کرایہ داری اور تجارتی سرگرمیوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جس پر ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی قبضوں اور زمینوں پر ناجائز تصرف کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top