پاکستان روس ثقافتی روابط میں پیشرفت، اسلام آباد میں روسی فلم “Assa” کی خصوصی نمائش

اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کے سفارت خانے کے زیر اہتمام معروف روسی فلم “Assa” (1987) کی خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔

یہ تقریب معروف روسی اداکار اور ہدایتکار اسٹینسلاو گوورخن کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں سفارتی، ثقافتی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین یوریشین پیپلز فرینڈشپ فورم پاکستان ڈاکٹر ثاقب خان بھی اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ان کی شرکت کو پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی روابط کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

شرکاء نے فلم کی نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلم، آرٹ اور ثقافت بین الثقافتی ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اختتام پر روسی سفارت خانے کی جانب سے روایتی چائے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے غیر رسمی ملاقاتوں اور تبادلہ خیال کے ذریعے دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

یہ ثقافتی سرگرمی پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top