نئی گاڑی، نئی ٹیکنالوجی: ایم جی نے جدید ہائبرڈ گاڑی متعارف کرا دی

چینی آٹوموبائل کمپنی ایم جی موٹر پاکستان نے پاکستان میں اپنی نئی ہائبرڈ گاڑی آل نیو ایم جی ایچ ایس باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے، جسے ملک کی نیو انرجی وہیکلز مارکیٹ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ لانچنگ لاہور میں کمپنی کے پلانٹ پر منعقد کی گئی، جہاں ایم جی موٹر پاکستان نے نہ صرف نیا ماڈل پیش کیا بلکہ دو نئے ویریئنٹس بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں ہائبرڈ پلس اور سپر ہائبرڈ شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

کمپنی کے سی ای او مسٹر شاؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں صارفین کے لیے مزید جدید آپشنز اور ٹیکنالوجی لانے پر پرجوش ہیں۔

ان کے مطابق 2020 سے ایم جی موٹر پاکستان ملک میں نیو انرجی وہیکلز کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس نئے ماڈل کے ساتھ اس رفتار کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا نے پنجاب سے 64 ارب 62 کروڑ مانگ لیے

نئے ماڈل میں بیرونی ڈیزائن کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جبکہ اندرونی حصے کو بھی جدید اور زیادہ آرام دہ بنایا گیا ہے۔ دونوں ویریئنٹس میں نئی جنریشن کی جدید ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جو ڈرائیونگ کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہے۔

ہائبرڈ پلس ویریئنٹ روایتی ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو ایک نئے انداز میں پیش کرتا ہے، جبکہ سپر ہائبرڈ جو کہ پلگ اِن ہائبرڈ ہے، صرف بیٹری پر 135 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے اپنی کیٹیگری میں نمایاں بناتا ہے۔

ایس اے آئی سی موٹر کے سینئر نمائندے کے مطابق پاکستان کمپنی کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک مارکیٹ ہے، جہاں تیزی سے بڑھتی ہوئی سولر اپنائیت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے رجحان نے الیکٹرک موبیلیٹی کی ضرورت کو مزید اجاگر کیا ہے۔

Scroll to Top