صوبے میں صحت کا بحران! خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ بڑھ گیا،ہزاروں افراد متاثر

صوبے میں صحت کا بحران! خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ بڑھ گیا،ہزاروں افراد متاثر

خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں رواں سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 481 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 281 تک پہنچ گئی ہے، جس نے صحت کے شعبے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

ڈائریکٹر ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر طارق حیات کے مطابق سال 2025 کے آغاز میں متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 9 ہزار 800 تھی، تاہم چند ہی ماہ میں سینکڑوں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق نئے کیسز میں اضافے نے محکمہ صحت کو مزید اقدامات پر مجبور کر دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد میں مردوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جو 7 ہزار 178 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خواتین کی تعداد 2 ہزار 381 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح 235 خواجہ سرا بھی اس مرض سے متاثر ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم ماہرین صحت نے اس رجحان کو خطرناک قرار دیتے ہوئے مزید احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Scroll to Top