پشاور: خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان سے پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی لیبارٹری نے دونوں کیسز میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ متاثرہ بچوں میں 5 ماہ اور 2 سال کی دو بچیاں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل رواں سال کا پہلا پولیو کیس سندھ کے ضلع سجاول سے سامنے آیا تھا، جس کے بعد اب نئے کیسز کے باعث صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق ملک بھر کے مخصوص اضلاع میں رواں ماہ خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی، جس کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز میں ایران کو فیس ادا کرنے والوں کے لیے امریکا کا انتباہ
حکام کے مطابق مہم کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اور ملک کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کے ہدف کو یقینی بنانا ہے۔
ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔





