اسلام آباد: حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والے لاکھوں مستحق خاندانوں کیلئے خوشخبری سناتے ہوئے عیدالاضحیٰ سے قبل نئی مالی قسط جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی کی نئی ادائیگیوں کا آغاز 18 مئی 2026 سے کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں ملک بھر کے رجسٹرڈ اور اہل خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ مستحق اور کم آمدنی والے خاندان عید سے قبل اپنی مالی امداد حاصل کر سکیں تاکہ وہ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں اور اپنی ضروریات بہتر طریقے سے پوری کر سکیں۔
بی آئی ایس پی حکام نے بتایا کہ ادائیگی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام جاری رہے گا، جبکہ ادائیگی مراکز، بینکنگ پارٹنرز اور کیمپ سائٹس پر خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین اور بزرگ افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کا خدشہ، صارفین کیلئے نیا الرٹ جاری
مستحقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن اور شناختی دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ ادائیگی کے دوران کسی بھی دشواری سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق مستحق افراد کو ادائیگی سے متعلق موبائل پیغامات کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید سے قبل مالی امداد کی فراہمی مہنگائی سے متاثرہ غریب خاندانوں کیلئے وقتی ریلیف کا باعث بنے گی، تاہم ادائیگیوں کی شفاف اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔





