اب بیرون ملک بیٹھ کر بھی کیس لڑنا ممکن، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد اور حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قانون منظور کر لیا ہے، جسے اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی ایکٹ 2026کا نام دیا گیا ہے۔ اس قانون کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی املاک کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

منظور شدہ بل کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق کیسز کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت قائم کی جائے گی، جو پشاور ہائیکورٹ کی مشاورت سے تشکیل دی جائے گی۔ اس عدالت کے جج کا درجہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے برابر ہوگا۔

قانون کے تحت خصوصی عدالت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد اور ناجائز قبضوں سے متعلق تمام مقدمات کی سماعت کرے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کیسز میں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت میں پیش ہو سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : سالانہ ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان کی تنزلی، کس پوزیشن پر ہے؟

بل کے مطابق خصوصی عدالت ان کیسز کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ چار ماہ کے اندر کرنے کی پابند ہوگی، تاکہ مقدمات میں تاخیر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید یہ کہ عدالت کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہائیکورٹ کرے گی، جسے تین ماہ کے اندر فیصلہ کرنا ہوگا۔

حکام کے مطابق اس قانون سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی جائیداد کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے گی۔

Scroll to Top