عمران خان کی موجودہ صورتحال ان کے اپنے رویے کا نتیجہ ہے، رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست نہیں بلکہ ہمیشہ محاذ آرائی کی سیاست کی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج جس صورتحال میں ہیں، اس کے ذمہ دار وہ خود اور ان کا سیاسی طرزِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کیلئے تصادم کی سیاست فائدہ مند نہیں ہوتی، اگر عمران خان واقعی سیاستدان ہیں تو انہیں سیاسی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل ان کے اپنے فیصلوں اور رویے سے جڑا ہوا ہے، اور ایک سیاسی لیڈر کو مفاہمت اور سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی بیشتر دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، جہاں دہشتگردوں کے تربیتی مراکز موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پٹرول پر عوام سے کتنی وصولی ہوئی؟ حکومت نے تفصیلات جاری کردیں

رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ دہشتگرد افغانستان سے پاکستان آکر کارروائیاں کرتے ہیں، جبکہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشنز بھی کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی سے متعلق تمام اہم فیصلے عسکری اور سیاسی قیادت کی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ کابینہ اجتماعی طور پر ذمہ دار ہوتی ہے، اگر کسی کو فیصلوں پر اعتراض ہے تو وہ کھل کر سامنے لائے۔

Scroll to Top