سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، ملک میں کمپنیوں کی رجسٹریشن اور ریگولیٹری کمپلائنس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق رواں سال فروری سے اپریل کے دوران 10 ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔
صرف اپریل کے مہینے میں 4 ہزار 82 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی، جو کاروباری سرگرمیوں میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 22 سے زائد ممالک کے سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں کمپنیاں رجسٹر کروائیں۔ غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، غیرملکی کمپنیوں کے مجموعی سرمائے میں 218 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں سال غیرملکی سرمایہ کاروں کا ادا شدہ سرمایہ 88 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا، جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں یہ سرمایہ 27 کروڑ 70 لاکھ روپے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر، فروری میں ہزاروں نئی کمپنیاں رجسٹرڈ
ایس ای سی پی کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں نے تجارت، خدمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی ریگولیٹری کمپلائنس میں بھی خاطر خواہ بہتری آئی ہے، گزشتہ 3 ماہ کے دوران 61 ہزار 960 کمپنیوں نے اپنے سالانہ ریٹرنز جمع کروائے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 61 فیصد زیادہ ہیں۔
ترجمان ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی رجسٹریشن کے نظام کو مزید خودکار اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔





