پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔ مسلسل دوسری مرتبہ لیگ میں 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل 11 میں پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پہلی مرتبہ پلیئر آکشن کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ ایونٹ کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا، جہاں 32 ہزار 461 شائقین نے میچ دیکھا، جو ایک ریکارڈ حاضری تھی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کے سامنے لیگ کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ ایڈیشن میں سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ تعداد میں شائقین کی شرکت اور براڈکاسٹ کے حوالے سے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔
انہوں نے پی ایس ایل کے ایک اور شاندار سیزن کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں پے در پے واقعات، کرک میں ایس ایچ او اور گنر شہید
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں لیگ شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے اور تمام 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی۔
سلمان نصیر کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود لاکھوں کرکٹ شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے حوالے سے ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، میچ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سمیت دیگر تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔





