خیبرپختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن نے سال 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے بھر میں عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور شکایات کے اندراج میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران کمیشن کو 742 شکایات موصول ہوئیں، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 294 تھی۔ زیادہ تر شکایات ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس، ایف آئی آر کے اندراج اور اراضی سے متعلق مسائل پر مشتمل تھیں۔
جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران 28 لاکھ سے زائد درخواستیں نمٹائی گئیں، جبکہ عوامی آگاہی کیلئے 4299 سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔ اس دوران کمیشن نے مختلف محکموں کے 20 اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی کیں۔
رپورٹ کے مطابق مردان، مانسہرہ اور پشاور سے سب سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں، جبکہ ٹرانسپورٹ، ہوم، پولیس، ریونیو اور لوکل گورنمنٹ محکمے شکایات میں سرفہرست رہے۔
سالانہ رپورٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کو بھی سراہا گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ تاشفین اسرار کو “سٹار پرفارمر” قرار دیا گیا، جبکہ ہنگو کے شاکر اللہ، باجوڑ کے رحمت حسین اور ڈی آئی خان کے محمد یوسف حسن کی کارکردگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر کمیشن نے کہا کہ عوامی خدمت ان کا فخر ہے اور وہ شفافیت، کارکردگی، احتساب اور عوامی اعتماد پر مبنی سروس ڈلیوری کلچر کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔





