سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک بڑے آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مئی سے جاری اس کارروائی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے زیرِ سرپرستی چلنے والے اس گروہ کے 22 کارندے مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ خارجیہ عناصر علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فی الوقت پورے علاقے کو حصار میں لے رکھا ہے اور روپوش دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کو زبردستی اور دھمکیاں دے کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے، جو ایک انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا جبکہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





