محدود وسائل، بڑا خواب؛ وزیرستان کے نوجوان کی شاندار کامیابی

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم عبدالرحمان خان داوڑ نے کم عمری میں غیر معمولی تعلیمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے ملک کا نام روشن کر دیا۔ عبدالرحمان نے محض 16 سال اور 11 ماہ کی عمر میں اے سی سی اے مکمل کر کے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میرانشاہ سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان داوڑ نے محدود تعلیمی سہولیات اور مشکل حالات کے باوجود اپنی محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے یہ اہم سنگ میل عبور کیا۔

ان کی اس کامیابی کو پاکستان میں کم عمر ترین افراد میں شامل کیا جا رہا ہے جنہوں نے پیشہ ورانہ اکاؤنٹنگ کی یہ اعلیٰ قابلیت حاصل کی۔

اس سے قبل یہ اعزاز کراچی کی ایک طالبہ ثمیرہ کے پاس تھا، جنہوں نے 17 سال اور 8 ماہ کی عمر میں اے سی سی اے مکمل کیا تھا، تاہم عبدالرحمان نے اس ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

عبدالرحمان داوڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان میں تعلیم کو خاص اہمیت دی جاتی ہے اور ان کے بہن بھائی بھی تعلیم یافتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے دورۂ چین کے بعد پیوٹن بھی بیجنگ پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف کم عمری میں اے سی سی اے مکمل کیا بلکہ اسی عمر میں برطانیہ کی ایک معروف یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔

ان کی اس شاندار کامیابی کے بعد انہیں دنیا کے کم عمر ترین پیشہ ور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس میں بھی شمار کیا جا رہا ہے۔ عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد صرف ذاتی کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ قبائلی اضلاع اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو امید اور حوصلہ دینا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انسان میں عزم اور محنت کا جذبہ موجود ہو تو محدود وسائل اور مشکلات بھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔

عبدالرحمان داوڑ نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان سمیت قبائلی اضلاع کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم انہیں آگے بڑھنے کے لیے بہتر رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top