موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کیلئے ایم ٹیگ سے متعلق اہم ہدایت جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق پرانے ایم ٹیگ مقررہ تاریخ کے بعد کارآمد نہیں رہیں گے۔
موٹروے حکام کی جانب سے گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پرانے ایم ٹیگ 31 مئی سے قبل لازمی طور پر تبدیل کروا لیں۔
حکام کے مطابق یکم جون سے پہلے شہری اپنے پرانے ایم ٹیگ کو نئے ایم ٹیگ میں مفت تبدیل کروا سکتے ہیں، تاہم اس تاریخ کے بعد یہ سہولت ختم کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یکم جون سے ایم ٹیگ کے اجرا یا تبدیلی کی فیس 150 روپے مقرر کر دی جائے گی، جبکہ یکم جولائی سے یہی فیس بڑھا کر 300 روپے کر دی جائے گی۔ اس لیے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اضافی اخراجات سے بچنے کیلئے بروقت اپڈیٹ مکمل کر لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ سسٹم موٹرویز پر سفر کو تیز، آسان اور منظم بنانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے، جس کی مدد سے گاڑیاں ٹول پلازوں پر رکنے کے بجائے تیزی سے گزر سکتی ہیں، جس سے وقت کی بچت اور ٹریفک دباؤ میں کمی آتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا میں اہم عہدے پر تعینات خاتون عہدیدار مستعفی
موٹروے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پرانے ایم ٹیگ ختم ہونے کے بعد شہریوں کو ٹول پلازوں پر مشکلات اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے تمام گاڑی مالکان جلد از جلد اپنے قریبی ایم ٹیگ سینٹر سے رجوع کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل شہری اپنے ایم ٹیگ کی درستگی اور اپڈیٹ ضرور چیک کریں تاکہ موٹروے میں داخلے کے وقت کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے، خاص طور پر روزانہ سفر کرنے والے افراد اور کمرشل گاڑیوں کے مالکان اس ہدایت پر فوری عمل کریں۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد موٹروے ٹول سسٹم کو مزید جدید، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔





