میرانشاہ میں اتمانزئی مشران اور پاک فوج کا اہم جرگہ، امن و امان اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

شاکر اللہ
میرانشاہ، شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیر انتظام اتمانزئی مشران اور قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ جرگہ شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں ہوا جس میں اتمانزئی قبائل کے ملک، مشران، عمائدین، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔

جرگے کی قیادت جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل عادل افتخار نے کی۔ انہوں نے جرگے میں شریک قبائلی عمائدین کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔

جرگے کے دوران سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے ریاستی اداروں، سول انتظامیہ اور عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو سرگرمیوں کا موقع نہ مل سکے۔

میجر جنرل عادل افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے عوام، سول انتظامیہ اور پاک فوج کا باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی علاقے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تنخواہ دار طبقے کو ریلیف سے متعلق حکومت کا اہم مؤقف سامنے آگیا

جرگے کے شرکاء نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارج کے خلاف جاری کارروائیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی ہر شکل کے خاتمے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مساجد اور مدارس کے منبر و محراب کے ذریعے امن، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام عام کیا جائے گا۔

اجلاس میں علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مزید تیز کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ قبائلی مشران نے پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ امن، استحکام اور ترقی کے عمل میں سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

جرگے کے اختتام پر ملک کی سلامتی، یکجہتی، خوشحالی اور شمالی وزیرستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Scroll to Top