راولپنڈی: سکستھ روڈ کے مقام پر میٹرو بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث میٹرو ٹریک پر بسوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس اسلام آباد سے راولپنڈی جا رہی تھی اور خوش قسمتی سے بس خالی تھی، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ بس کے انجن میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹیکنیکل اسٹاف اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔





