سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ، مسافر ٹرین پر حملہ

سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ، مسافر ٹرین پر حملہ

کوئٹہ میں مسافر ٹرین پر ہونے والے خودکش حملے نے ایک بار پھر دہشتگردی کے خطرناک عزائم کو بے نقاب کر دیا۔ 24 مئی 2026 کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے ایک گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد کے ذریعے سویلین ٹرین کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی کئی بوگیاں متاثر ہوئیں جبکہ آگ بھڑک اٹھی، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگ مسافروں سمیت متعدد شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگرد عناصر کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ براہِ راست مقابلے میں ناکامی کے بعد دہشتگردوں نے نرم اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے شہریوں پر حملے شروع کر دیے ہیں۔

واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشتگردوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ انہیں انسانیت، اسلامی اقدار، بلوچ روایات اور انسانی جانوں کے تقدس کا کوئی احترام نہیں۔

حکومتی اور سکیورٹی حلقوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے جبکہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 سے زائد زخمیوں کو فوری طور پر سول سنڈیمن اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top