مناسک حج کا آغاز کل سے، عازمین کی منیٰ منتقلی کا مرحلہ آج مغرب کے بعد شروع ہوگا

مناسک حج کا آغاز کل سے، عازمین کی منیٰ منتقلی کا مرحلہ آج مغرب کے بعد شروع ہوگا

مناسک حج کا آغاز کل 8 ذی الحجہ سے ہوگا، جبکہ عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا اہم آپریشن آج بعد نماز مغرب شروع کیا جائے گا۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور کی نگرانی اور قیادت میں حج 2026 کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اب تک 471 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا عمل آج مغرب کے بعد شروع ہوگا، جس کے لیے جدید بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ عازمین کو سیٹ ٹو سیٹ منیٰ پہنچایا جائے گا اور یہ مرحلہ 8 ذی الحجہ کی صبح 10 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا۔

حج آپریشن کے دوران شدید گرمی کے امکانات کے پیش نظر عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشاعر مقدسہ میں قیام کے دوران طبی ماہرین کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ہر 188 عازمین کے گروپ کے لیے ایک نگران ناظم مقرر کیا گیا ہے تاکہ انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔ منیٰ کے خیموں میں پاکستانی ذائقے کے مطابق تین وقت کا تازہ کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 9 ذوالحجہ کو حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا، جس کے لیے تمام عازمین کو ظہر سے قبل بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدانِ عرفات منتقل کیا جائے گا۔ عازمین وہاں ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کریں گے اور غروبِ آفتاب تک عبادات، دعا اور ذکر و اذکار میں مشغول رہیں گے۔

وقوفِ عرفات کے بعد عازمین بغیر مغرب کی نماز ادا کیے مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی جائیں گی اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کی جائیں گی۔

10 ذوالحجہ کو حجاج کرام بڑے شیطان کی رمی، قربانی اور حلق یا قصر کے بعد احرام سے باہر آئیں گے۔ 10 سے 12 ذوالحجہ کے دوران طوافِ زیارت اور سعی ادا کی جائے گی، جبکہ ایامِ تشریق میں منیٰ میں رمی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

Scroll to Top