وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش نہیں ہوگا، ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 10 جون کو بجٹ پیش نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جبکہ قومی اسمبلی میں بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر نوٹس پر طلب کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث بجٹ کی منظوری کا عمل بھی محدود اور مختصر رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بجٹ پر پارلیمانی بحث کا دورانیہ بھی ماضی کے مقابلے میں کم ہونے کا امکان ہے، جبکہ حکومت جلد از جلد بجٹ منظوری کے عمل کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب بجٹ کی منظوری کے حوالے سے حکومت کو اہم سیاسی پیش رفت بھی حاصل ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت کو گرین سگنل دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ایک بار پھر سفارتی مرکزِ نگاہ، ایران کا اہم بیان سامنے آگیا

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں بجٹ سے متعلق مختلف امور اور اتحادی جماعتوں کی تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کر لیا ہے، جبکہ باقی معاملات پر بھی مثبت پیش رفت جاری ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ مالی صورتحال اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں فریق ایک دوسرے کے لیے سیاسی اور معاشی اسپیس فراہم کریں گے، جبکہ بعض قابلِ عمل تجاویز پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت کا عمل جاری رکھیں گی۔

Scroll to Top