پشاور: خیبرپختونخوا کی ضلعی اور ماتحت عدالتوں میں منسٹریل اور دیگر عملے کے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عدالتی اوقات کے دوران تمام عملہ اپنے موبائل فونز متعلقہ افسر یا نامزد انچارج کے پاس جمع کرانے کا پابند ہوگا۔
پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار محمد زیب خان کے دفتر سے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو جاری کردہ مراسلے کے مطابق ضلعی و ماتحت عدالتوں میں تعینات تمام منسٹریل اور دیگر عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتی اوقات کار کے دوران موبائل فون کا استعمال مکمل طور پر بند رکھیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کی جا چکی تھیں، تاہم اب ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عدالتی عملہ ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل فونز متعلقہ برانچ انچارج یا ہیڈ کے پاس جمع کرائے گا، جبکہ یہ فونز نامزد افسر کی تحویل میں رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کے سابق بین الاقوامی امپائر وی وکرم راجو انتقال کر گئے
پشاور ہائیکورٹ کے مطابق کسی بھی ہنگامی یا گھریلو ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ عملہ لینڈ لائن ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کر سکے گا۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، جبکہ یہ اقدام بعض عملے کی جانب سے عدالتوں میں موبائل فون کے غیر ضروری استعمال اور اس سے متعلق شکایات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔





