وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی کامیاب ثالثی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے میں معاشی صورتحال بہتر ہونے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کے نرخ گرنے کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے گھٹ کر 311 روپے پر آ جائے گی۔ ان نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ الحمدللہ قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں بے مثال صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امن کے قیام میں سب سے کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ادا کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے بتایا کہ وفاق نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری مہم سے حاصل ہونے والی 129 ارب روپے کی بچت کو استعمال کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جہاں خطے کے کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات اٹھائے جا رہے تھے، وہیں پاکستان کی بہتر حکمت عملی کی بدولت توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، نہ کہیں لائنیں لگیں اور نہ ہی عوام کو پٹرول کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق سے تعاون کرنے پر تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امن کے اس تاریخی معاہدے کو ممکن بنانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی۔ ا
وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور چیئرمین ایف بی آر سمیت پوری معاشی اور حکومتی ٹیم کی قابل قدر کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔





