وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کے قیام میں سب سے کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ادا کیا، جنہوں نے ڈھائی سے تین ماہ تک انتھک محنت کی، ایرانی صدر نے بھی نام لے کر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور خطے میں جنگ بندی سے معاشی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور مزید کمی کا امکان ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا آج اعلان کیا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں اور قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام نے جس صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بڑی عزت اور مقام سے نوازا ہے اور اس پر 24 کروڑ پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کو عزت اور مقام اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوتا ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر خصوصی وقار حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کئی قومیں صدیاں گزرنے کے باوجود وہ مقام حاصل نہیں کر سکیں جو پاکستان کو ملا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور کامیابیاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی کامیابیوں پر شکرگزاری کا جذبہ برقرار رکھنا چاہیے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی دنیا کے لیے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام ہے۔
پاکستان اور ایران کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک برادر اسلامی ریاستیں ہیں اور ان کے عوام باہمی احترام اور محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے حالیہ ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی، جس پر انہوں نے مثبت جواب دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ایران، امریکا، ترکیہ، چین اور دیگر دوست ممالک کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی تعاون نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ کامیابیاں قومی اتحاد، اجتماعی کوششوں اور مختلف اداروں کی خدمات کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور ملک کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔





