ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مختلف مارجنز کی تازہ ترین اور تفصیلی رپورٹ سامنے آ گئی ہےجس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 29 فیصد تک صرف ٹیکس، ڈیوٹیز اور ڈیلرز و کمپنیوں کے مارجنز شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 88 روپے 7 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 91 روپے 15 پیسے تک کے ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں۔
پیٹرول پر 19 روپے 32 پیسے کسٹم ڈیوٹی جبکہ فی لیٹر پر 66 روپے 25 پیسے پیٹرولیم لیوی لی جا رہی ہے اور اس کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ پیٹرول پر 2 روپے 87 پیسے فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے تیل کمپنیوں کا مارجن جبکہ 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز کمیشن کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی، متعدد پمپ سیل
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 72 روپے 97 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 15 روپے 68 پیسے، فریٹ مارجن 2 روپے 40 پیسے، تیل کمپنیوں کا مارجن 7 روپے 87 پیسے اور ڈیلرز کمیشن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر وصول کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی، 5 روپے 42 پیسے فریٹ مارجن اور 1 روپے 61 پیسے تیل کمپنیوں کا مارجن شامل ہے۔





