گاڑی خریدنے یا بیچنے والوں کیلئے خوشخبری، نادرا نے مشکل حل کر دی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کے عمل کو آسان بنانے کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

نادرا کے مطابق رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔

شہری اب نادرا دفاتر یا ای سہولت سینٹرز سے گاڑی خریدنے اور فروخت کرنے والے دونوں افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں، جبکہ یہ سہولت نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

بائیو میٹرک تصدیق کے بعد اسٹامپ پیپر پر خریدار اور فروخت کنندہ کے درمیان تحریری معاہدہ تیار کیا جائے گا، جس کے بعد سوک سینٹر کراچی میں ٹوکن حاصل کرکے درخواست جمع کروانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز پر ایران امریکا کشیدگی، ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا

درخواست کے ساتھ اصل رجسٹریشن بک، اسمارٹ کارڈ، فریقین کے شناختی کارڈز کی نقول، تصاویر اور دیگر ضروری دستاویزات منسلک کرنا ہوں گی۔

حکام کے مطابق گاڑی منتقلی کی مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس آن لائن یا ایکسائز آفس میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس 605 روپے جبکہ 800 سے 1000 سی سی گاڑی کی ٹرانسفر فیس 2 ہزار روپے مقرر ہے۔

درخواست جمع ہونے کے بعد رسید جاری کی جائے گی، جبکہ تمام تصدیقی مراحل مکمل ہونے پر 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top