پشاور۔ رمضان المبارک کے آخری ایام اور عیدالفطر کے موقع پر پولیس حکام کو مارکیٹوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری ایام اور عیدالفطر کے موقع پر گنجان آباد بازاروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس حکام کااہم اجلاس ملک سعد شہید پولیس لائنز میں چیف کیپیٹل پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور قاسم علی خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران شہر کی مجموعی سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فرضی مشقیں کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لئے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی سی پی او نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام حساس اور اہم مقامات، عبادت گاہوں اور مارکیٹوں کا نئے سرے سے سیکیورٹی آڈٹ کریں اور سفارشات کی روشنی میں سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں خصوصی چیک پوائنٹس اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ افطار اور سحر ی کے اوقات میں خصوصی احتیاط برتی جائے۔
سی سی پی او نے کہا کہ جیل سے رہائی پانے والے عادی مجرموں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم کرایہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاورمیں پولیس اہلکارسمیت 2 افراد کو قتل کردیاگیا
انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ مضافات میں رات کے وقت اپنی چوکیوں کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں اور موجودہ وسائل کو بروئے کار لائیں۔
اجلاس میں ایس ایس پی مسعود احمد، چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان، ایس ایس پی نور جمال، ایس پی حمید اللہ اور دیگر یونٹس کے افسران نے شرکت کی۔
قاسم علی خان نے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔