وزیراعظم شہباز شریف نے پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں اور یہ نوجوان مستقبل میں ملک کی دفاعی و سلامتی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائینگے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری میں امن کے داعی کے طور پر اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی عناصر ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن اور تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، اور پاکستان خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی قربانیاں اور عوام کی حمایت ملک کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نیوی کا کردار انتہائی شاندار رہا ہے، جو قومی دفاع میں اس کی مضبوطی اور تیاری کا ثبوت ہے۔
پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی کامیابیاں نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان افسران مستقبل میں پاکستان کی دفاعی اور سلامتی کی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نبھائیں گے۔
وزیراعظم نے پاکستان نیول اکیڈمی کی تربیت اور معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کے لیے اعلیٰ معیار کے افسران تیار کر رہا ہے جو مستقبل میں بحری دفاع اور قومی سلامتی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ایک مضبوط دفاعی قوت ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ایران سمیت دوست ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں بطور ثالث کردار ادا کیا، جبکہ ایرانی صدر کے حالیہ دورے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔





