بنوں: سات سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کا ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار، بندوق برآمد

سلمان علی خان

بنوں کی تھانہ ڈومیل پولیس نے سات سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کو چوبیس گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم انعام اللہ ولد نیاز محمد کو خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے ایک 12 بور بندوق بھی برآمد ہوئی ہے۔

اس واقعے کا مقدمہ نمبر 328 مورخہ 24 جون 2026 کو تھانہ ڈومیل میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) بنوں یاسر آفریدی نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔

ایس ایچ او تھانہ ڈومیل عبدالصبور خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا

۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور تمام قانونی تقاضے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top