گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، مولانا فضل الرحمان کو قوم اور شہداء کے ورثاء سے معافی مانگنی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے ہمیشہ مساجد، امام بارگاہوں، مدارس اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربانیاں دی ہیں، اس لیے مولانا فضل الرحمان کو اپنے بیان پر پوری قوم اور شہداء کے خاندانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہداء کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا خطاب افسوسناک ہے۔ پاکستان کا امن اور استحکام سیکیورٹی فورسز کے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ فوج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہیں، مدارس اور دیگر مقدس مقامات انہی شہداء کی قربانیوں کے باعث محفوظ ہیں۔ شہداء قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور بقا کے پیچھے شہداء کی لازوال قربانیاں شامل ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت عوام سکون اور امن کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور ایسے حالات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو قومی اتحاد کو متاثر کریں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت دے سکتا ہے، جبکہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز اور شہداء کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورا ملک امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر وضاحت پیش کریں اور قوم سمیت شہداء کے ورثاء سے معذرت کریں۔





