انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر قلات میں آپریشن کیا جس میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد بروقت کارروائی کی اور تمام 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر کے تباہ کر دیا گیا، ٹھکانے سے آئی ای ڈیز کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں آپریشن کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور، پولیس مقابلے میں نورے گینگ کے تین انتہائی مطلوب کارندے ہلاک
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔





