آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پیز ہیڈ کوارٹرز عباس احسن، ایلیٹ فورس محمد علی، ٹریننگ نثار احمد خان، کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سید اشفاق انور، ڈپٹی کمانڈنٹ عبدالرشید خان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں نصب جدید مانیٹرنگ، مواصلاتی اور سیکیورٹی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ جدید مرکز آپریشنل سرگرمیوں کی موثر نگرانی، وسائل کے بہترین استعمال اور ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

کنٹرول روم صوبے کے مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی، ان کی نقل و حرکت اور حفاظت پر مامور اہلکاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کے لیے بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

آئی جی پی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور دستیاب جدید سہولیات اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز کو سراہا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، موثر آپریشنل نگرانی اور محفوظ سیکیورٹی خدمات کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاباش پنجاب پولیس !صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

کمانڈنٹ ایس ایس یو سید اشفاق انور نے آئی جی پی کو یونٹ کی کارکردگی، حساس تنصیبات کی سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی کی تیاریوں اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت پر جامع بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ نظام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مربوط اور موثر ردِعمل کو ممکن بنائے گا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یونٹ مستقبل میں بھی غیر ملکی ماہرین، اہم قومی تنصیبات کی سیکیورٹی اور صوبے میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے سے انجام دیتا رہے گا۔

Scroll to Top