محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کم دباؤ کے نظام کے باعث مون سون ہوائیں جنوبی اور وسطی پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں جمعہ کی شام سے پیر تک سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گلگت بلتستان میں 26 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ لاہور، ملتان، بہاولپور اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 27 جولائی تک بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں 24 سے 27 جولائی کے دوران گرج چمک اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 28 جولائی تک اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بارشوں کے اس سلسلے کے دوران 24 سے 26 جولائی تک لاہور، گوجرانوالہ، حیدرآباد، سکھر، ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور، فیصل آباد، سیالکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے اور کاشتکاروں کو موسمی صورتحال کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی تاکید کی گئی ہے۔





