پاکستان میں 1 کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار، وفاقی وزیر صحت کا ٹیسٹ اور ادویات مفت دینے کا اعلان

پاکستان میں 1 کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار، وفاقی وزیر صحت کا ٹیسٹ اور ادویات مفت دینے کا اعلان

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ حکومت نے ملک کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت مریضوں کو 68 ہزار روپے مالیت کی ادویات اور 60 ہزار روپے تک کے تشخیصی ٹیسٹ بالکل مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اسکریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے جلد تمام صوبوں تک پھیلایا جائے گا۔ اب تک 21 ہزار شہریوں کی اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے جن میں سے 1,700 افراد میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بروقت علاج نہ کروانے کی صورت میں یہ بیماری کینسر کا روپ دھار سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت ایک نیا قانون متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت 12 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے کسی بھی سرجری یا طبی عمل (جس میں جلد کاٹنا شامل ہو) سے پہلے ایچ آئی وی (HIV) اور ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں ہیپاٹائٹس میں پہلے اور پولیو میں دوسرے نمبر پر ہےجس کے پیشِ نظر ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صبح کا ناشتہ انسانی صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟ جانیں

انتظامی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پالیسیوں کے مؤثر اور مسلسل نتائج کے لیے سیکرٹریز کی بار بار تبدیلی روک کر انہیں کم از کم 2 سے 3 سال تک ایک ہی عہدے پر کام کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔

Scroll to Top