جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس اور پیرو کے حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب طیارہ جنوبی پیرو میں واقع تاریخی نازکا لائنز کے آثارِ قدیمہ کے مقام کے اوپر پرواز کر رہا تھا، طیارے میں 11 سیاح اور دو پائلٹ سوار تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ پیسکو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے کے بعد مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب پویبلو ویخو کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کی وجوہات اور ہلاک ہونے والے مسافروں کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

پولیس کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور اس میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا، ابتدائی کارروائی کے دوران چار لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں دیگر لاشوں کی تلاش اور حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شارجہ سے کراچی آنے والی کارگو طیارہ لاپتہ، تلاش جاری

نازکا لائنز یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جہاں صحرائی ریت پر ہزاروں سال قدیم دیوقامت نقش و نگار موجود ہیں اور ہر سال بڑی تعداد میں سیاح فضائی دورے کے لیے آتے ہیں۔

Scroll to Top