ہنگو حملہ: اے این پی کی شدید مذمت، دہشت گردی کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ

کاشف عزیز
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے ہنگو کے خزینہ بانڈہ پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

جاری بیان میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اے این پی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ ان کے بقول دہشت گرد بلاخوف و خطر پولیس اسٹیشنوں پر حملے کر رہے ہیں، جبکہ حکمران عوام کے تحفظ کے بجائے سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ اگر یہ سمجھا جا رہا ہے کہ دہشت گردی صرف خیبرپختونخوا کا مسئلہ ہے تو یہ ایک خطرناک خوش فہمی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 9 اہلکار شہید، 8 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردی کسی ایک صوبے تک محدود نہیں رہتی، اگر بروقت مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اربوں روپے کے سیکیورٹی بجٹ، جدید وسائل اور ریاستی مشینری کے باوجود عوام غیر محفوظ کیوں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف فوری، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں اور اس مسئلے کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مسئلہ سمجھا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

Scroll to Top