آبنائے ہرمز سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ آئل 83.29 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی اضافے کے بعد 77.93 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتی رہی۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے قواعد متعارف کرانے پر غور کر رہے ہیں جن کی خلاف ورزی کی صورت میں کارگو کی مالیت کے 20 فیصد تک جرمانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرول کی قیمت بڑھا دی، ڈیزل سستا کردیا گیا، نوٹی فکیشن جاری
ماہرین کے مطابق مجوزہ اقدامات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کار آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ اس خطے میں کسی بھی کشیدگی کے اثرات توانائی کی قیمتوں پر براہ راست مرتب ہو سکتے ہیں۔





