خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحت کے شعبے کو مزید مؤثر، مربوط اور جدید بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی میں تمام علاقائی ٹورازم اتھارٹیز کو ضم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اصلاحات کے تحت گلیات، کاغان، اپر سوات، کمراٹ اور کالاش ٹورازم اتھارٹیز کو ایک مربوط نظام کے تحت لانے کی تجویز دی گئی ہے۔
مختلف ٹورازم اداروں کے الگ الگ انتظامی ڈھانچے ختم کرکے ون ونڈو آپریشن متعارف کرانے کی سفارش بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد انتظامی اخراجات میں کمی، وسائل اور اختیارات کا مؤثر استعمال، اور سیاحت کے فروغ سے متعلق تمام امور کو ایک ہی ادارے کے تحت لانا ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت لائسنسنگ، سرمایہ کاری، برانڈنگ اور سیاحتی منصوبوں کی نگرانی بھی ایک ہی پلیٹ فارم سے کی جائے گی۔
تجویز میں سیاحوں کو یکساں سہولیات، معیاری ایس او پیز اور بہتر خدمات کی فراہمی کے علاوہ ٹورازم پولیس، ایمرجنسی رسپانس اور کراؤڈ مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے قانونی ترامیم، صوبائی کابینہ کی منظوری اور مرحلہ وار نفاذ کی تجویز دی گئی ہے، ملازمین، اثاثوں، فنڈز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی منتقلی بھی مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد لوک ورثہ میلہ اختتام پذیر، خیبرپختونخوا پویلین نے سب کا دل جیت لیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اصلاحات کو سات مراحل میں نافذ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے سمری کی منظوری کے بعد معاملہ کابینہ میں پیش کیے جانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔





