یوٹیوب سے کمائی کرنے والوں کیلئے نئی شرائط؟

یوٹیوب سے کمائی کے خواہشمند افراد کیلئے مونیٹائزیشن کی نئی شرائط آگئیں

 یوٹیوب محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ دنیا بھر میں آمدنی کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے، تاہم اب یوٹیوب سے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کو مونیٹائزیشن کے لیے پہلے سے زیادہ سخت اہداف پورے کرنا ہوں گے۔

 ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب نے تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد کو اپنی ویڈیوز کے ذریعے ناظرین تک پہنچنے اور آمدنی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، یوٹیوب پارٹنر پروگرام  وائی پی پی  میں شمولیت کے بعد صارفین اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور مرچنڈائز سمیت مختلف ذرائع سے کمائی کرسکتے ہیں۔

یوٹیوب نے پارٹنر پروگرام کے لیے درکار بعض اہداف میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، پہلے یوٹیوب سے کمائی کے لیے چینل پر کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز اور گزشتہ 12 ماہ کے دوران طویل ویڈیوز کے مجموعی طور پر 4 ہزار گھنٹے دیکھے جانے کی شرط تھی، مگر اب طویل ویڈیوز کے لیے مطلوبہ واچ ٹائم بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردیا گیا ہے۔

یعنی آئندہ نئے صارفین کو یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ایک سال کے دوران اپنی طویل ویڈیوز پر کم از کم 8 ہزار گھنٹے کا واچ ٹائم حاصل کرنا ہوگا، اس کے علاوہ شارٹس کے ذریعے مونیٹائزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے بھی ویوز کا ہدف بڑھایا گیا ہے۔

Scroll to Top