احسن اقبال کا ہتک عزت کا دعوی منظور، عدالت کا مراد سعید کوہرجانہ ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کے حق میں ہتک عزت کا دعوی منظور کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے فیصلے میں کہا کہ مراد سعید، احسن اقبال پر لگائے گئے 70 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت پر مبنی ثابت ہوئے ہیںجس سے عام شہریوں میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا اور ان کی دیانت و وقار کو شدید نقصان پہنچا۔

عدالت کے مطابق احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم شواہد کی روشنی میں یہ رقم حد سے زیادہ ہے، اس لیے 25 لاکھ روپے کا ہرجانہ عائد کیا جاتا ہے۔ مراد سعید مقدمے کے دوران نہ تو خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے اپنی ہی صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے

واضح رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں ملتان سکھر موٹر وے پروجیکٹ میں احسن اقبال پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔

Scroll to Top