شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے نظرثانی اپیل دائر کردی ہے، تاہم ابھی اس کا نمبر الاٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ضرور عملدرآمد ہوگا اور ان کی درخواست ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہونے دیا جائے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرنا عمران خان کا حق ہے۔ ہمارا مطالبہ تھا کہ عمران خان کا علاج ذاتی معالجین اور خاندان کی نگرانی میں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، طلال چوھدری و عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مناسب علاج اور ضروری میڈیکل ٹیسٹ ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں عمران خان نے ایک ہزار دن جیل میں گزارے، اگر وہ دو ہفتے اسپتال میں گزار لیں تو اس سے کیا ہوجائے گا؟
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان کسی ڈیل کی طرف نہیں جارہے اور نہ ہی کوئی ڈیل کررہے ہیں۔
نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملاقات ہوئی، اچھی بات ہے، یہ ملاقات پہلے ہونی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد ابھی تک نورین نیازی سے ان کی بات نہیں ہوئی۔





