قبائلی اضلاع میں غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی، تنخواہیں اور پنشن روک دی گئیں

پشاور: قبائلی اضلاع میں فزیکل ویریفکیشن کے دوران غیر حاضر رہنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے درجنوں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی فزیکل ویریفکیشن مکمل ہونے تک روک دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابقہ فاٹا کے مختلف علاقوں میں تعینات سرکاری ملازمین کی فزیکل ویریفکیشن کا عمل جاری ہے، جس کے لیے متعلقہ محکموں کے ملازمین کو پہلے ہی نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹسز کے باوجود فزیکل ویریفکیشن کے دوران مختلف محکموں کے درجنوں ملازمین حاضر نہیں ہوئے، جس پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس پی آر او کے گھر پر نقاب پوش مسلح افراد کا حملہ، عالم خان زخمی

ابتدائی مرحلے میں ویریفکیشن کے عمل میں غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فزیکل ویریفکیشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف دوسرے مرحلے میں ملازمت سے برطرفی سمیت دیگر محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق فزیکل ویریفکیشن کا مقصد قبائلی اضلاع میں سرکاری محکموں کے حقیقی اور ڈیوٹی پر موجود ملازمین کی تصدیق کرنا اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top